Header Add

قلیدِ صحت


قلیدِ صحت

قلیدِ صحت

عرب طبیب حارث بن کلدہ ثقفی جو طائف میں پیدا ہوئے تھے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہدمبارک میں بھی زندہ تھے۔ ان کی طبی مہارت اورقابلیت کا دور دور تک شہرہ تھا۔ ذہانیت اورفراست کے لحاظ سے اپنے ہم عصروں میں انہیں ایک خاص مقام حاصل تھا۔ انسان کی صحت کے متعلق ان کے اقوال آج بھی نقل کئے جاتے ہیں۔ حارث بن کلدہ کا ایک طویل مکالمہ ایران کے بادشاہ نوشیرواں عادل سے ہوا تھا۔ اس کا کچھ حصہ یہاں نقل کیا جاتا ہے۔ جس سے ظاہر ہوگا کہ انسان کو صحت مند اور متوازن زندگی گذارنے کے لئے کن اقدامات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

 شاہ ایران نے حارث سے پوچھا۔
”طب کیا ہے؟“
حارث نے جواب دیا”حزم“ یعنی پرہیز۔
بادشاہ نے اگلا سوال کیا۔
”مہلک مرض کیا ہے؟“
حارث نے جواب دیا”پہلی غذا ہضم ہونے سے پہلے دوسری غذا کھالینا“۔
بادشاہ نے پوچھا! ”حمام کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟“
جواب ملا ”حمام میں پیٹ بھر کر داخل ہونا ہرگز مناسب نہیں“۔
بادشاہ کا اگلا سوال تھا۔ ”دوا کے بارے میں آپ کیا کہتے ہیں“۔

طبیب نے جواب دیا ”صحت کی حالت میں دوا سے بچو اور مرض کی حالت میں اس کی جڑ پکڑنے سے پہلے دوا شروع کردو۔ چونکہ جسم کی حالت زمین کی طرح ہے جس کی اصلاح ہوتی رہے تو درست رہتی ہے ورنہ بنجر ہوجاتی ہے“۔

 بادشاہ نے پانی کے بارے میں پوچھا تو حارث نے جواب دیا۔

”پانی جسم کی روح ہے اور صحت اس سے قائم ہے لیکن اگر پانی بے اندازہ پیا جائے یا سو کر اٹھنے کے فوراً بعد پیا جائے تو مضر ہے۔ پانی کی صفت یہ ہے کہ رقیق ہو۔ صاف شفاف ہو، بڑے بڑے موجزن دریاؤں کا ہو۔ جنگلوں کا ہومگر جنگلوں کی کثافتیں اس میں شامل نہ ہوں، ٹھنڈا ہو، بے ذائقہ، بے رنگ اور اس حد تک شفاف ہو کہ ہر چیز کا عکس مع رنگوں کے اس میں صاف نظر آجائے“۔

بادشاہ نے حارث بن کلدہ ثقفی کوعزت سے اپنے دربارمیں بیٹھنے کے لئے کہا جو ان دنوں ایک بہت بڑا اعزازسمجھاجاتا تھا۔ ساتھ ہی بادشاہ نے حکم دیا کہ حارث سے ہونے والی گفتگو کو ضبط تحریر میں لے لیاجائے۔ 

خالقِ کائنات کی بہترین تخلیق انسان ہے جس پر ِ اللہ نے بھی فخر کیااورفرمایا!

”ہم نے انسان کو بہترین خلق کیا“۔

اللہ تبارک تعالیٰ نے انسان کو صرف خلق ہی نہیں کیا بلکہ زندگی کو بہترین طریقہ سے گزارنے کے لئے راہنماء اصول بھی بتائے جنکا ذکر تمام الہامی کتب میں ملتا ہے۔ ان قوانین کی عملی شکل کو دیکھنے کے لئے ہمیں انبیاء اکرام کی زندگیوں سے سبق ملتا ہے جن پر اگرعمل کیا جائے تو انسان کبھی جسمانی اور روحانی عوارض کا شکار نہ ہو۔

صحت مند اوربھرپورزندگی گذارنا بالکل مشکل نہیں۔آپ کو محض اپنے معمولات میں معمولی تبدیلی کرنا ہوگی اورمحض چند سادہ سے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ یہاں اُن تمام اُصولوں پرروشنی ڈالی گئی ہے جن پر اگر مسلسل عمل کیا جائے تو انسان کئی بیماریوں سے بچ سکتا ہے۔بیان کئے گئے نسخہ جات انتہائی سادہ اورآزمودہ ہیں جو کہ صدیوں سے حکماء کے استعمال میں رہے ہیں۔ ادویات کے اجزاء سستے، عام فہم زوداثر ہیں اور کوئی ایسی دوائی نسخہ جات میں شامل نہیں جو کہ نقصان دہ ہو۔احباب سے گزارش ہے کہ اس Page کو Follow کریں اور اپنے دوستوں کو Share کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوں۔

Post a Comment

أحدث أقدم

Post Add 1

Post Add 2